Jul ۱۷, ۲۰۱۷ ۱۵:۲۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں صدارتی انتخابات

ہندوستان میں دو نامزد صدارتی امیدواروں میں سے کسی ایک کا صدر کی حیثیت سے انتخاب کرنے کے لئے پیر کے ووٹنگ صبح شروع ہوئی۔

ہندوستان میں صدارتی انتخابات کے حوالے سے ووٹنگ پیر کی صبح شروع ہوئی جس میں حکمراں این ڈی اے کے امیدوار رام ناتھ کووند اور اپوزیشن کی مشترکہ امیدوار میرا کمار کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔
بتّیس پولنگ مراکز میں ووٹنگ کا عمل صبح دس بجے شروع ہوا۔ ووٹوں کی گنتی بیس جولائی کو صبح گیارہ بجے ہو گی اور کامیابی حاصل کرنے والے نئے صدر پچّیس جولائی کو عہدہ سنبھالیں گے۔
ہندوستان کے موجودہ صدر پرنب مکھرجی کے عہدے کی مدت چوبیس جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔
ہندوستان کی ریاستی اور قومی اسمبلی میں صدر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔رائے عامہ کے جائزوں اور ہندوستان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق دلت برادری سے تعلق رکھنے والے رام ناتھ کووند کی کامیابی کے امکانات روشن بتائے جا رہے ہیں تاہم ان کے مقابلے میں حزب اختلاف کی مشترکہ امیدوار میرا کمار کا تعلق بھی دلت طبقے سے ہے اور پارٹی اراکین کو ووٹنگ میں آزادی حاصل ہوتی ہے اس لئے کسی حتمی نتیجے کے بارے میں کوئی بات یقین کے ساتھ کہنا صرف قیاس آرائی پر مبنی ہی سمجھی جا رہی ہے۔