Jul ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۵:۳۲ Asia/Tehran
  • عراق کے وزیر خارجہ کا دورہ ہندوستان، سشماسوراج سے ملاقات

عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے نئی دہلی میں اپنی ہندوستانی ہم منصب سشما سوراج سے ملاقات کی ہے-

رپورٹوں کے مطابق اس ملاقات میں انہوں نے تین سال پہلے موصل شہر سے دہشت گرد گروہ داعش کے ہاتھوں اغوا ہونے والے انتالیس ہندوستانیوں کے معاملے پر بھی بات چیت کی-

ہندوستانی ذرائع کے مطابق دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور توانائی اور تجارت کے میدان میں تعاون بڑھانے کے راستوں پر تبادلہ خیال کیا-

عراق، ہندوستان کو خام تیل برآمد کرنے والا ایک بڑا ملک ہے- عراقی وزیر اعظم کی طرف سے موصل کی آزادی کی جنگ میں فتح کے اعلان کے بعد ہندوستان کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور وی کے سنگھ نے عراق کا دورہ کیا تھا-

عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری، ہندوستان کے وزیرپیٹرولیم دھرمیندر پردھان اور نائب صدر حامد انصاری سے بھی ملاقات کریں گے-