Jul ۳۰, ۲۰۱۷ ۱۰:۰۲ Asia/Tehran
  • مسئلہ کشمیر کے حل سےسرحدی گھن گرج بند ہوسکتی ہے

نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وادی کشمیر کی موجودہ غیر یقینی صورتحال، مبینہ لاقانونیت، اقتصادی بدحالی اور سیاسی خلفشار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو سیاسی طور پر حل کرنے سے امن و امان کی مکمل بحالی ممکن ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہفتے کو وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں کارکنوں اور عہدیداروں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی زیادتیوں، ماردھارڈ، انسانی حقوق کی پامالیوں اور سرحدوں پر گن گرج بند ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کے لئے ہندوستان کو ہر صورت میں پاکستان کے ساتھ گفت وشنید کرنی ہی پڑے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اہل کشمیر کے نمائندوں کے ساتھ بھی بات چیت کرنا لازمی ہے کیونکہ کشمیری ہی اس مسئلے کے بنیادی فریق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے برصغیر میں امن و امان اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ کشمیر کے لوگ بھی چین کی زندگی بسر کرسکتے ہیں۔

فاروق عبداللہ نے کہا کہ ریاست ایک مشکل ترین دور سے گذر رہی ہے، امن و امان کا فقدان ہے، قیمتی جانوں کی اتلاف روز بہ روز بڑھتا جارہا ہے، تعمیر و ترقی کا کہیں نام و نشان نہیں۔ وقت کی ضرورت ہے کہ افہام و تفہیم کا راستہ اپنایا جائے تاکہ ہماری آنے والی نسلیں بھی تباہی اور بربادی کی نظر نہ ہوجائیں۔

ٹیگس