Aug ۰۷, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۱ Asia/Tehran
  • چابہار بندرگاہ علاقے کی ترقی کے لئے سنہری موقع ہے

ہندوستان کے ٹرانسپورٹ اور بحری جہاز رانی کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ایران کی جنوب مشرقی چابہار بندرگاہ کی توسیع کو علاقے کی ترقی و پیشرفت کے لئے سنہری موقع قرادیا ہے۔

ہندوستان کے ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے جو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی تقریب حلف برداری میں ہندوستانی وزیراعظم کے خصوصی ایلچی کے طور پر شرکت کی غرض سے تہران آئے تھے واپس ہندوستان پہنچنے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے چابہار بندرگاہ کی ممتاز اور خصوصی پوزیشن کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ یہ بندر گاہ ہندوستان اور علاقے کے ملکوں کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعلقات کی توسیع کے لئے بہترین موقع فراہم کرسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چابہار بندرگاہ افغانستان اورعلاقے کے دیگر ملکوں کے ساتھ ہندوستان کے تجارتی معاملات میں اضافے میں اہم کردار ادا کرےگی۔
ہندوستان کے مرکزی وزیر نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ چابہار بندرگاہ کے توسیعی منصوبے کے بارے میں ایران ہندوستان اور افغانستان کے سربراہوں کے درمیان ہندوستان کے وزیراعظم کے دورہ ایران کے موقع پر جس معاہدے پر دستخط ہوئے تھے اس پر عمل درآمد کے لئے ضروری اقدامات جلد سے جلد مکمل کرلئے جائیں گے۔