Aug ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۸:۰۴ Asia/Tehran
  • کشمیر میں جھڑپ، تین کشمیری، دو ہندوستانی فوجی مارے گئے

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں فوج کے ساتھ ایک جھڑپ میں تین کشمیری نوجوان مارے گئے ہیں۔

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہندوستانی فوج نے عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد رات گئے شوپیاں کے علاقے کا محاصرہ کیا جس دوران ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں تیس مشتبہ عسکریت پسند اور دو فوجی اہلکار مارے گئے۔
ہندوستان کے سیکورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے کشمیریوں میں حزب المجاہدین کا آپریشنل کمانڈر محمود غزنوی بھی شامل ہے۔
اس واقعے کے بعد مقامی آبادی نے سڑکوں پر آکے مظاہرے کیے اور ہندوستان مخالف نعرے لگائے۔
مقامی آبادی نے الزام عائد کیا ہے کہ ہندوستانی سیکورٹی فورس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ایک بار پھر پیلٹ گنوں کا استعمال کیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
 ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں آٹھ جولائی دوہزار سولہ میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے حالات کشیدہ چلے آرہے ہیں اور اب تک تقریبا دوسوتیس کشمیریوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے جبکہ ہزاروں افراد زخمی اور گرفتار ہو چکے ہیں۔