Aug ۱۵, ۲۰۱۷ ۱۶:۲۹ Asia/Tehran
  • کشمیر کی خصوصیت حثیت کے ساتھ چھیڑخانی برادشت نہیں کریں گے، محبوبہ مفتی

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ اگر جموں کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے قانون کو کوئی نقصان پہنچا تو وہ حکومت کی پروا نہیں کریں گی۔

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے ہندوستان کے یوم آزادی کے موقع پر سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ملک کے اداروں اور عدلیہ پر بھروسہ ہے اس لئے یقین ہے کہ جموں کشمیر کو حاصل خصوصی اختیارات والے قانون کے خلاف دائر کی گئی درخواست کو سپریم کورٹ خارج کردے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ دفعہ تین سو ستر اور اس کی شقوں کو اگر چھیڑنے کی کوشش کی گئی تو وہ پھر حکومت اور پارٹی کی اتحادی جماعت کے ساتھ اتحاد کی کوئی پروا نہیں کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی سپریم کورٹ نے اس طرح کی درخواستوں کو خارج کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب کشمیر کے لوگوں نے شیخ عبداللہ کی حمایت کی تھی تو اس وقت پارلیمنٹ نے خود یہ محسوس کیا تھا کہ جموں کشمیر ملک کی دیگر ریاستوں سے مختلف اور اس کی اپنی الگ پہچان ہے اسی لئے اس ریاست کو خصوصی درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نئی دہلی اور سری نگر دونوں سے غلطیاں ہوئی ہیں جس کی وجہ سے گذشتہ تیس برس سے کشمیر میں تشدد آمیز واقعات جاری ہیں۔
اس درمیان جہاں وادی میں سرکاری اداروں میں ہندوستان کے یوم آزادی مناسبت سے جشن اور تقریبات کا اہتمام کیا گیا وہیں علیحدگی پسند جماعتوں کی اپیل پر عام ہڑتال اور یوم احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا۔

ٹیگس