Aug ۱۷, ۲۰۱۷ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان، سوائن فلو سے چھے سو اموات

ہندوستان میں رواں سال کے آغاز سے اب تک سوائن فلو سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھے سو ہوگئی ہے۔

ہندوستان کی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک تقریبا تیرہ ہزار افراد سوائن فلو کا شکار ہوئے ہیں جن میں سے چھے سو افراد کی موت واقع ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق سوائن فلو سے سب سے زیادہ اموات گجرات میں ہوئیں جہاں دو سو بیس افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔ گجرات میں سوائن فلو کی شدت کو دیکھتے ہوئے وزارت صحت کے پندرہ ہزار ملازمین ہنگامی بنیادوں پر اس بیماری کی روک تھام کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔دوسری جانب گجرات ہائی کورٹ نے سوائن فلو کی روک تھام میں حکومت کی ناکام حکمت عملی پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔ ہندوستانی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ایچ ون این ون وائرس کا پھیلاؤ سوائن فلو کی شدت اور اموات میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔یہ وائرس ایچ ون این ون سن دوہزار نو میں امریکہ ، میکسیکو، کینیڈا اور یورپ سے پھیلنا شروع ہوا تھا اور اس کی بیماری پھیلانے کی طاقت میں اب تین گنا اضافہ ہوگیا ہے۔