Aug ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۶:۳۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی مسلح افواج کے کمانڈروں کا اجلاس

نئی دہلی اور بیجنگ کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافے کے پیش نظر ہندوستان کی تینوں مسلح افواج کے کمانڈروں نے اپنے اجلاس میں چین کے ساتھ ملنے والی سرحدوں کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا۔

ارنا کے مطابق ہندوستانی افواج کے کمانڈروں کے اجلاس میں جو نئی دہلی میں ہوا چین کے ساتھ مشترکہ سرحدوں پر فوجوں کی آمادگی اور ہوشیاری پر زوردیا گیا۔
ڈوکلام میں ہندوستان اور چین کے درمیان سرحدی کشیدگی کے بعد ہندوستان کی تینوں مسلح افواج کے کمانڈروں کا یہ پہلا اجلاس ہے۔
ہندوستانی حکام کا کہنا ہے کہ چینی فوجیوں نے گذشتہ منگل کو لداخ میں دراندازی کرکے ہندوستانی فوجیوں پر حملہ کیا جس کے بعد دونوں ملکوں کے فوجیوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ شروع کردیا۔
اس واقعے میں دونوں ملکوں کے متعدد فوجی زخمی ہوئے۔
لداخ میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان یہ تصادم ایک ایسے وقت ہوا ہے جب سکم ۔ڈوکلام سیکٹر میں پہلے سے ہی دونوں ملکوں کی فوجیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں۔