Sep ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۰:۵۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان کا اقوام متحدہ کی جانب سے روہنگیا پناہ گزینوں کے معاملے پر ہندوستان کے موقف کی مذمت پر ردعمل

ہندوستان نے روہنگیا پناہ گزینوں کی ملک بدری کے معاملے میں اقوام متحدہ کی مخالفت کومسترد کیا ہے۔

میانمار سے ہندوستان آنے والے روہنگیا پناہ گزینوں کے معاملے میں ہندوستان کے موقف کی مذمت کرنے سے متعلق اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کونسل کے سربراہ زید رعد الحسین کے بیان کو یہ کہہ کر سختی سے مسترد کردیا گیا کہ انسانی حقوق کی پیمائش کسی سیاسی مفاد یا سہولت کا مسئلہ نہيں ہونی چاہئے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے سربراہ نے اپنے بیان میں روہنگیا پناہ گزینوں کے مسئلے سے نمٹنے میں ہندوستان کے موقف پر تنقید کی ہے۔ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندے راجیو کے چندر نے انسانی حقوق کے سربراہ کے بيان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی پیمائش سیاسی نقطہ نظر یا سیاسی مفادات کی بنیاد پر نہیں ہو سکتی ہے اور ان کا یہ بیان کافی حیران کن ہے۔

دوسری جانب ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ہندوستان میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کو غیرقانونی پناہ گزین قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ان کے تئیں رویہ انتہائی سخت ہے۔

راج ناتھ سنگھ نے اپنے چار روزہ دورہ کشمیر کے موقع پرمنعقدہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی پناہ گزینوں کا ملک کی سیکورٹی کے لئے خطرہ ثابت ہونا، خارج از امکان نہیں ہے۔

انہوں نے پاکستان کو سرحدوں پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ بصورت دیگر سرحدوں پر تعینات ہمارے سیکورٹی فورسز ایسے حالات پیدا کریں گے کہ پاکستان جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کرنے پر مجبور ہو گا۔

 

ٹیگس