Sep ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۱:۰۰ Asia/Tehran
  •  راہل گاندھی نے ہندوستان کےعوام کی توہین کی ہے: بی جے پی کا کانگریس پر الزام

بی جے پی نے منگل کے روز الزام لگایا کہ راہل گاندھی نے کیلفورنیا یونیورسٹی میں اپنی تقریر میں ہندوستان کےعوام کی توہین کی ہے۔

بی جے پی کی سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے نئی دہلی میں پارٹی ہیڈ کوارٹر پر ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ راہل گاندھی کا بین الاقوامی خطاب سننے کو ملا جس میں انہوں نے کچھ ایسی باتیں کہی ہیں جن سے ملک کے عوام کی توہین ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ  کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے کیلفورنیا یونیورسٹی میں اپنے خطاب میں بی جے پی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ نفرت اور صف بندی کی سیاست سے لاکھوں لوگ یہ محسوس کرنے لگے ہیں کہ اپنے ہی ملک میں اب ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔

راہل گاندھی نے اپنے خطاب کے بعد سوالوں کے جواب میں کہا کہ صف بندی کی بدشکل سیاست نے ہندوستان میں اپنا سراٹھالیا ہے۔ اعتدال پسند صحافیوں کی جان لی جارہی ہے۔ دلتوں کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کیا جارہا ہے اور گائے کا گوشت کھانے کے شبہ میں مسلمانوں کو مارا جارہا ہے۔ یہ ہندوستان میں نئی چیز ہے اور اس سے ملک کو بہت نقصان ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت کی سیاست نے ملک میں تقسیم اور صف بندی کردی ہے ۔

راہل گاندھی نے کہا کہ دنیا میں عدم تشدد کے نظریات خطرے میں ہیں۔ لیکن عدم تشدد ہی ایک خیال ہے جو انسانیت کو آگے بڑھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے والد اور دادی کو تشدد میں کھودیا میں تشدد کو نہیں سمجھوں گا تو کون سمجھے گا؟"

راہل گاندھی نے کہا کہ جب اندرا گاندھی سے پوچھا گیا کہ ہندوستان لیفٹ کی جانب جھکے گا یا رائٹ کی جانب تو انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان سیدھا کھڑا رہے گا۔

 

ٹیگس