Sep ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۱:۱۴ Asia/Tehran
  • بی جے پی پر کشمیر کے ماحول کو خراب کرنے کا الزام

کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ وادی کشمیر میں بی جے پی نے امن کا ماحول خراب کیا ہے۔

کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے برکلے میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا میں طلباء اور دانشوروں سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت نے وادی کشمیر میں امن کا ماحول خراب کردیا ہے جسے بحال کرنے کے لئے سابقہ کانگریس حکومت نے بہت کوشش کی تھی۔

انہوں نے مرکزی حکومت پر وادی کشمیر میں بدامنی پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ہم نے جموں کشمیر میں بحالی امن کے لئے نو برسوں تک خاموشی سے کام کیا ۔ یو پی اے حکومت کے دوراقتدار میں دہشت گردی کی کمر توڑ دی گئی لیکن بی جے پی سرکار نے 30 دنوں میں ہی کشمیر میں امن کا ماحول خراب کرکے رکھ دیا۔

دوسری جانب ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقےکولگام میں دو مقامی عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے خلاف کل دوسرے دن بھی ہڑتال رہی۔

واضح رہے کشمیر کے ضلع کولگام میں حزب المجاہدین (ایچ ایم) سے وابستہ دو مقامی عسکریت پسند پیر کی علی الصبح ہونے والے ایک مسلح تصادم میں ہلاک ہو گئے تھے۔

 

ٹیگس