Sep ۱۷, ۲۰۱۷ ۰۹:۰۷ Asia/Tehran
  • کشمیر میں دراندازی ناکام، دو ہلاک

کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں ہندوستانی سیکورٹی فورسز نے کنٹرول لائن کے نزدیک دو افراد کو ہلاک کرکے دراندازی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔

ہندوستان کےسرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹرول لائن کے نزدیک تعینات سیکورٹی فورسز نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے دہشت گردوں کے ایک گروپ کو اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر ماچل سیکٹر میں دراندازی کرنے کے الزام میں خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

دوسری جانب ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی حریت کانفرنس کے رہنماوں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کشمیر انتظامیہ کی جانب سے مرکزی جامع مسجد سری نگر اور سری نگر کے پائین شہر کے بیشتر علاقوں میں آئے روز کرفیو، بندشوں اورقدغنوں کے نفاذ اورآزادی پسند قائدین کی مسلسل تھانہ و خانہ نظربندیوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمران طبقہ ایک منصوبہ بند طریقے سے مرکزی جامع مسجد سری نگر کی مرکزیت کو زک پہنچانے کی روش پر گامزن ہے تاکہ کشمیریوں کے اس روحانی مرکز کو جہاں سے ہمیشہ کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی ہوتی رہی ہے کے منبر و محراب کو خاموش کیا جاسکے اور اسی طرح پائین شہر میں آئے روز کرفیو کے نفاذ سے تجارتی لحاظ سے اس اہم اور حساس مرکز کو اقتصادی طور مفلوک الحال بنانے کی پالیسی اپنائی جارہی ہے۔

حریت کانفرنس کے رہنماوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ بار بار کرفیو اور بندشوں کے نفاذ سے جہاں ایک طرف پائین شہر کی تجارتی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور تاجر برادری اقتصادی بدحالی کا شکار ہو رہی ہے وہیں دوسری طرف اسکول، کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں کے بند رکھنے سے طلباء کے تعلیمی مستقبل کومخدوش بنایا جارہا ہے ۔

ٹیگس