Sep ۲۱, ۲۰۱۷ ۰۹:۲۱ Asia/Tehran
  • کشمیرمیں دوسکیورٹی اہلکاروں سمیت 4 ہلاک

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سرحدی فورس کے کیمپ پر حملے میں دو اہلکاراور دو درانداز ہلاک ہو گئے۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیرمیں رام بن ضلع کے بانیہال علاقے میں جواہر ٹنل کے قریب مسلح سرحدی فورس کے کیمپ پرعسکریت پسندوں کے حملے میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔

ایس ایس بی کے ایک افسر نے بتایا کہ بانیہال کے سنگل دان میں ایس ایس بی کی 14 ویں بٹالین کا کیمپ ہے۔

جواہر ٹنل کے قریب زیر تعمیر ریلوے لائن کی نگرانی کے لئے تعینات بٹالین کے جوان شام کے وقت باقاعدہ ڈیوٹی پر تھے، تبھی عسکریت پسندوں نے ان پر اچانک حملہ کر دیا۔

اطلاعات کے مطابق حملے کے بعد عسکریت پسند وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

حملے کی اطلاع ملتے ساتھ ہی ہندوستانی سیکورٹی اداروں کی بھاری نفری نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے ناکہ بندی کر دی ہے جبکہ زخمی ہونے والے فوجیوں کو فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں دو فوجیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے ۔

دوسری جانب بارڈر سیکورٹی فورس نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے کل پنجاب کے امرت سر سیکٹر میں غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے دو دراندازوں کو ہلاک کردیا اور ان کے قبضے سے ہتھیار برآمد کرنے کا دعوی بھی کیا ہے۔

ٹیگس