Sep ۲۵, ۲۰۱۷ ۰۹:۲۱ Asia/Tehran
  • کشمیر میں تین ہلاک اور مکمل ہڑتال

کشمیر میں ہلاکتوں کے خلاف آج ہڑتال کی جا رہی ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے بارہمولہ میں تعینات سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) امتیاز حسین نے مسلح تصادم میں 3 غیرملکی جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایک بڑے جنگجویانہ حملے کو رونما ہونے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا گیا۔ دوسری جانب کشمیریوں کا کہنا ہے کہ فورسز نے اڑی کے گاؤں کلگی کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی شروع کی۔ اس دوران فوج نے دعویٰ کیا کہ ان پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں انہوں نے جوابی فائرنگ کی اور 3 افراد مارے گئے۔

در ایں اثنا آج کشمیر میں عام ہڑتال کی جا رہی ہے۔آج کی ہڑتال کشمیر کی حریت پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک اور تاجر برادری نے دی تھی۔ جبکہ وادی کی تاجر اور ٹرانسپورٹ برادری کی جانب سے 25ستمبر کو ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے الزام لگایا گیا ہےکہ حکومت ہندوستان کشمیریوں کے خلاف قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کررہی ہے۔

کشمیر ٹریڈ اینڈ مینو فیکچرزفیڈریشن ( کے ٹی ایم ایف) صدر محمد یاسین خان کو این آئی اے کی طرف سے تفتیش کے لئے نئی دہلی طلب کئے جانے کے خلاف وادی کی تجارتی انجمنوں نے 25 ستمبر کو ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔ ان تجارتی انجمنوں کا کہنا ہے کہ کے ٹی ایم ایف صدر کو بلاوجہ ہراساں کرنے کی کوششیں شروع کی گئی ہیں۔

ٹیگس