• کشمیرمیں جھڑپ، 3 افراد ہلاک

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین ہونے والی جھڑپوں میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے ضلع شوپیان میں پیر کے روز عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے ایک شدید مسلح تصادم میں جو پانچ گھنٹوں تک جاری رہا حزب المجاہدین سے وابستہ 2عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ۔

دوسری جانب سرکاری ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں پیر کو ہونے والے ایک مختصرمسلح تصادم میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی تنظیم جیش محمد کے آپریشنل سربراہ خالد بھائی کو ہلاک کر دیا گیا ۔

کشمیر رینج کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) منیر احمد خان نے دعوی کیا کہ جنگجوؤں کی نقل وحرکت سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر بارہمولہ کے لدورہ نامی گاؤں میں ایک چیک پوائنٹ قائم کیا گیا تھا۔ چیک پوائنٹ پر جب ایک شخص کو روکا گیا تو اس نے فرار ہونے کے لئے پولیس پارٹی کی طرف ہینڈ گرینیڈ پھینکا تاہم گرینیڈ نہیں پھٹا جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں مذکورہ شخص کو ہلاک کر دیا۔ آئی جی پی نے دعوی کیا کہ مارے گئے شخص کی شناخت جیش محمد کے آپریشنل چیف خالد بھائی ساکنہ پاکستان کے بطور کی گئی ہے۔

 

Oct ۱۰, ۲۰۱۷ ۰۵:۵۷ UTC
کمنٹس