Oct ۱۰, ۲۰۱۷ ۲۰:۱۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں جھڑپیں

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی فوج کے ایک کیمپ پر مسلح علیحدگی پسندوں کے حملے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے اور ہندوستانی فوج کے ہاتھوں دو افراد کے مارے جانے کی خبر ہے۔

سرینگر سے ہمارے نمائندے نے بتایا ہےکہ مسلح عسکریت پسندوں نے منگل کو سرینگر کے علاقے سنت نگر میں، سی آر پی ایف کے ایک کیمپ پر حملہ کردیا۔
اس رپورٹ کے مطابق مسلح عسکریت پسندوں کے اس حملے میں سی آر پی ایف کے متعدد اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ا س حملے سے متعلق مزید تفصیلات دستیاب نہیں ہوسکی ہیں۔
دوسری جانب ہندوستانی فوج نے دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنانے کا دعوی کیا ہے۔ہمارے نمائندے کے مطابق فوجی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ فوجیوں نے دو مسلح دراندازوں کو ہلاک کردیا ہے۔
اسی کے ساتھ لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کی افوج کے درمیان منگل کو بھی فائرنگ کا تبادلہ جاری رہنے کی خبر ہے۔ ہمارے نمائندے کے مطابق ہندوستانی ذرائع نے پاکستان کی گولہ باری میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔