Nov ۱۰, ۲۰۱۷ ۱۰:۵۶ Asia/Tehran
  • کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ

ہندوستان کے نائب صدر نے کہا ہےکہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور اس کے بارے میں کافی غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔

ہندوستان کے نا ئب صدر ایم ونکیا نائیڈو نے یہاں ایک اعلی سطحی برطانوی وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے وابستہ معاملات میں غلط معلومات دی جارہی ہیں اور کشمیر مسئلہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین آپسی دوطرفہ معاملہ ہے۔

ہندوستان کے نا ئب صدرنے کہاکہ سخت گیری اور دہشت گردی دو ایسے عالمی موضوعات ہیں جن سے نپٹنے کے لئے مختلف سطحوں پر ایک موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

در ایں اثناحریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق نے نئی دہلی میں مقیم بوسنیا و ہرزیگویناکے سفیر سابت صباسک کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران کہا کہ کشمیر کی علیحدگی پسند قیادت نہ امن کے خلاف ہے اور نہ بامعنی مذاکراتی عمل کے خلاف بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ جموں وکشمیر کے ساتھ ساتھ پورے جنوبی ایشیائی خطے میں امن و سکون کا ماحول قائم ہو لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے یہاں کے امن کو جو خطرات لاحق ہیں ان کا تدارک کیا جائے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو یہاں کے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔

میرواعظ نے کہا کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کئی خونریز جنگیں ہو چکی ہیں اور آج بھی دونوں ممالک اس مسئلہ کے وجہ سے ہی حالت جنگ میں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھی گزشتہ 70 برسوں سے اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کی جدوجہد میں مصروف عمل ہیں اور آج تک لاکھوں افراد نے اس راہ میں قربانیاں پیش کی ہیں اور آج بھی یہاں کے عوام سرکاری سطح پر جاری مظالم کا سامنا کرتے ہوئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور اب تو یہاں کی چوتھی نسل بھی اس تحریک سے جڑ چکی ہے۔

ٹیگس