Dec ۱۲, ۲۰۱۷ ۰۸:۵۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں اقلیتوں کے خلاف جارحانہ رویے کی مذمت

ہندوستان میں اقلیتوں کے خلاف جارحانہ رویہ اپنانے پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

کرناٹک میں ایک عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ ہندوستان میں آئے روز مختلف ریاستوں میں اقلیتوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے ہندوستان کی تمام سیاسی پارٹیوں کو آگے آنا چاہئے۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے واضح کیا کہ پاکستان کو سائیڈ لائن کرکے مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت کے پاس پاکستان کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کے سوا اور کوئی چارہ نہیں ہے۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ سیکولر انڈیا کو خطرات لاحق ہیں کیونکہ انتہا پسند سوچ رکھنے والے افراد آئے روز اقلیتوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں اقلیتوں پر حملے ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں مسلمان اپنے آپ کو غیرمحفوظ تصور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو تشدد کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے تاہم موجودہ دور میں ایسے واقعات میں ملوث افراد آزاد طور پر گھوم پھر رہے ہیں۔

 

ٹیگس