Jan ۱۱, ۲۰۱۸ ۱۳:۴۷ Asia/Tehran
  • چابہار کا توسیعی منصوبہ انتہائی اہم، ہندوستان

ہندوستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے ایران کی بندرگاہ چابہار کی ترقی و توسیع کو دونوں ملکوں کے درمیان اہم ترین اقتصادی منصوبہ قرار دیا ہے۔

ہندوستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نیتن گڈکری نے نئی دہلی میں ہندوستان ایران تجارتی تعاون اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاجسٹک لحاظ سے جنوب مشرقی ایران کی بندرگاہ چابہار کا ترقیاتی منصوبہ انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے ہندوستان اور ایران دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔ہندوستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں بے انتہا دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی حکومت ، ہندوستانی سرمایہ کاروں کو ایران اور خاص طور سے چابہار کی بندرگاہ میں سرمایہ کاری کی ترغیب دلا رہی ہے۔دوسری جانب ایران میں متعین ہندوستان کے سفیر نے کہا ہے کہ ان کا ملک چابہار زاہدان ریلوے لائن منصوبے پر عملدآمد کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے چابہار کے ترقیاتی منصوبے میں ہندوستان اور ایران کے درمیان جاری تعاون کے بارے میں کہا کہ اس منصوبے میں اب تک اچھی پیشرفت ہوئی ہے جو قابل اطمینان ہے۔ ہندوستان کے دورے پر گئے ایران کے وزیرشہری ترقیاتی امور اور ٹرانسپورٹ عباس آخوندی نے بھی اس موقع پر کہا کہ دوہزار اٹھارہ میں مختلف کوریڈورز میں تجارت کو فروغ ملے گا انہوں نے کہا کہ کوریڈورز کے توسیعی منصوبے کی تکمیل  سے مختلف ممالک منجملہ ہندوستان کی روس اور دیگر یورپی ملکوں تک رسائی آسان ہوجائےگی -