Jan ۱۵, ۲۰۱۸ ۰۹:۴۱ Asia/Tehran
  • ہند و پاک کشیدگی سے کشمیری عوام کو شدید نقصان

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی وزیر اعلی کا کہنا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین جاری تصادم کا خمیازہ کشمیری عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے اتوار کو پولیس ٹریننگ سینٹر تلواڑہ میں زیر تربیت پولیس رنگروٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی تقریر میں کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین جاری تصادم کا خمیازہ کشمیری عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے سربراہوں کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی پالیسی ترک کرکے مذاکرات کا راستہ اپنانا چاہیے۔

وزیر اعلی محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ ہمارے بہت سارے مسائل ہیں اور سب سے بڑا مسئلہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ٹکراؤ کا ہے، طرفین کے مابین تصادم ہے، دونوں کہتے ہیں کہ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

محبوبہ مفتی نے دہشت گردوں کی دراندازی کو ایک چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ دراندازی جو ہوتی ہے اور باہر سے جو دہشت گرد آتے ہیں، یہ ہمارے لئے چیلنج ہیں۔ یہ چیلنج پچھلے 70 برسوں سے ایک طرف سے تھا اور پچھلے تیس برس سے اس نے بندوق کی شکل اختیار کر لی ہے۔ میرا یہ ماننا ہے کہ جیسے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری باجپئی جی بار بار کہتے تھے کہ ہم اپنے دوست بدل سکتے ہیں لیکن ہمسایہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن قائم کرنے میں بہت ساری مشکلات ہیں۔ امن نہیں ہوگا تو ترقی کیسے ہوگی۔ انہوں نے دونوں ممالک سے اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی پالیسی ترک کرنے کی اپیل بھی کی۔

ٹیگس