Jan ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۰:۰۹ Asia/Tehran
  • حافظ سعید کے خلاف کارروائی کرنے کامطالبہ

ہندوستان نے ایک مرتبہ پھر جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ نے حافظ سعید کے خلاف کارروائی کرنے کامطالبہ کرتے ہوئےکہا ہے کہ اگر کوئی عالمی دہشت گرد ہے تو ان کے خلاف بڑے ثبوت دستیاب ہوئے ہوں گے۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان راویش کمار کا کہنا تھا کہ آپ اس تصور سے آنکھ بند کرسکتے ہیں کہ کچھ نہیں ہورہا ہے لیکن پاکستان کو احساس کرنا پڑے گا کہ ان کے سامنے کیا ہے اور اس طرح کے لوگوں کے خلاف کارروائی کرے۔

واضح رہے کہ حافظ سعید کو نومبر 2017 میں 300 روز کی طویل نظر بندی کے بعد عدالت کے حکم پر رہا کیا گیا تھا جس کے بعد امریکا اور ہندوستان کی جانب سے اس طرح کے بیان سامنے آتے رہے ہیں۔

امریکا اور ہندوستان کی جانب سے حافظ سعید پر الزام عائد کیا جاتارہا ہے کہ وہ 2008 میں ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ تھے جہاں 166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اقوام متحدہ اور امریکا نے ممبئی حملوں میں مبینہ کردار پر حافظ سعید کو عالمی دہشت گرد قرار دیا تھا جبکہ امریکا اور ہندوستان کی جانب سے لشکر طیبہ کو جماعت الدعوۃ کی ذیلی تنظیم تصور کیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان کی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے جماعت الدعوۃ سمیت کئی تنظیموں کو عطیات جمع کرنے سے روک دیا تھا۔

ٹیگس