Jan ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۹:۳۲ Asia/Tehran
  • دہلی اسمبلی کے بیس ارکان کی نااہلی کی صدر جمہوریہ کی جانب سے توثیق

ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند نے ‏عام آدمی پارٹی سے تعلق رکھنے والے دہلی اسمبلی کے بیس ارکان کی نااہلی کی توثیق کر دی ہے۔

دہلی سے ہمارے نمائندے کے مطابق ہندوستان کے الیکشن کمیشن نے صدر جمہوریہ سے عام آدمی پارٹی کے بیس ارکان اسمبلی کی، آفسز آف پروفٹ، کیس میں نااہلی کی درخواست کی تھی جسے صدر ہندوستان نے منظور کر لیا۔
ہندوستان کے صدر کی جانب سے الیکشن کمیشن کی درخواست منظور ہو جانے کے بعد وزارت قانون نے ان ارکان کی نااہلی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔
آئین کی رو سے ارکان پارلیمان و اسمبلی، ایسے کسی عہدے پر فائز نہیں ہو سکتے کہ جس سے انہیں کسی طرح کا مالی فائدہ ہوتا ہو۔
واضح رہے کہ ہندوستان کی ہائی کورٹ نے ارکان اسمبلی کی جانب سے نااہلی فیصلے کے خلاف دائر کی جانے والی اپیل کو پہلے ہی مسترد کر دیا تھا۔