Feb ۱۲, ۲۰۱۸ ۰۹:۳۳ Asia/Tehran
  • راہل گاندھی کی وزیراعظم مودی پر کڑی نکتہ چینی

کانگریس کے صدرراہل گاندھی نے اس ملک کے وزیر اعظم نریندرمودی کی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

ہندوستانی میڈیاکے مطابق راہل گاندھی نے دورۂ کرناٹک کے موقع پر بلاری میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے عوام نے مودی کو کانگریس کے خلاف بات کرنے کیلئے ووٹ نہیں دیا انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی پارلیمنٹ میں ایک گھنٹہ  سے زائد تقریر میں کانگریس سے متعلق پرانی باتیں دُہراتے رہے  جبکہ عوام وزیر اعظم سے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں سننا چاہتے ہیں۔

راہل گاندھی نے کہا کہ مودی جھوٹے خواب دکھاتے ہیں، ان پر بھروسہ کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا جبکہ کانگریس جوکہتی ہے وہ کرتی ہے ۔

راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار نے فرانس کی ایک کمپنی سے رافیل فائٹر جیٹ خریدے ، مودی خود پیرس گئے اور کنٹریکٹ کو تبدیل کرایا۔ پہلے یہ ٹھیکہ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کمپنی کو دیا گیا تھا۔