Feb ۱۲, ۲۰۱۸ ۱۸:۱۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات پر تاکید

ہندوستان کے زیر انتظام ریاست جموں کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کےحل کے لئے ہندوستان اور پاکستان کی حکومتوں کے درمیان مذاکرات پر زور دیا ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام ریاست جموں کشمیر کی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے ریاستی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران لائن آف کنٹرول کی دونوں جانب سے فائرنگ کے تبادلے اور ہندوستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر میں فوجی کیمپوں پر عسکریت پسندوں کے حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن کا راستہ جنگ سے نہیں بلکہ بات چیت سے ہی نکلے گا-

محبوبہ مفتی نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے اگر کوئی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان  بات چیت کی وکالت کرتا ہے تو اس کو وطن کا مخالف قرار دینے کی کوشش کی جاتی ہے- انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ اس صورتحال سے بری طرح متاثر ہیں اس لئے جنگ نہیں بلکہ بات چیت ہی مسئلے کا حل ہے-

دوسری جانب ریاست جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلی فاروق عبداللہ نے پاکستان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہی صورتحال جاری رہی تو پاکستان کی مشکلیں مزید بڑھیں گی- انہوں نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب پچھلے دنوں ان ہی کی جماعت کے ایک رکن اسمبلی نے ایوان میں مبینہ طور پر پاکستان کے حق میں نعرہ لگایا تھا-