Feb ۲۰, ۲۰۱۸ ۰۹:۳۶ Asia/Tehran
  • لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور ہلاکتیں

ہندوستانی اور پاکستانی فوج کے مابین لائن آف کنٹرول پرفائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ ہندوستانی فورسز نے ایک بار پھر سیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 8 سالہ بچہ ایان ہلاک ہوگیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی فوج نے کنٹرول لائن پر واقع جاجوٹ گاؤں میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 8 سالہ بچہ ایان ہلاک ہوگیا۔

دوسری جانب پاکستانی فوج نے دعوی کیا کہ پاکستانی فوج نے فائرنگ کا جواب دیتے ہوئے ہندوستانی چیک پوسٹ تباہ کردی جس کے نتیجے میں چوکی میں موجود 2 ہندوستانی فوجی ہلاک ہو گئے تاہم ہندوستان کی جانب سے ابھی تک پاکستان کے اس دعوے پر رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

درایں اثناء ہندوستانی فوج نے گذشتہ شام کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)پر دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک درانداز کو ہلاک کیا ۔

ہندوستان کی وزارت دفاع کے ترجمان نے دعوی کیا کہ دراندازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے لئے پاکستانی فوجیوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا : "ایل او سی پر تعینات مستعد فوجیوں نے دراندازوں کی کوشش کو ناکام بنادیا"۔

واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان ایک دوسرے پرسیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کے الزامات لگاتے رہتے ہیں تاہم گزشتہ کئی ماہ سے دونوں ممالک کی فوج ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے جس کی وجہ سے اب تک کئی شہری جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔

ٹیگس