• افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر ہندوستان کی تاکید

ہندوستان کے صدر اور وزیراعظم نے افغانستان کو اپنے ملک کا اسٹریٹجک پارٹنر قرار دیتے ہوئے کابل اور نئی دہلی کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند اور وزیراعظم نریندر مودی نے نئی دہلی میں افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ سے الگ الگ ملاقات میں ، دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی مزید توسیع کی ضرورت پر تاکید کی۔ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ نہ صرف یہ کہ افغانستان ہندوستان کا اسٹریٹیجک پارٹنر ہے بلکہ دونوں ملکوں کی مشترکہ تاریخی اور ثقافتی اقدار تمام شعبوں میں نئی دہلی اور کابل کے درمیان تعلقات و تعاون کے فروغ کا باعث بنے ہیں۔

  ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند نے بھی کہا کہ ان کا ملک افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔

   علیحدہ علیحدہ ہونے والی ان ملاقاتوں میں افغانستان کے چیف ایگزکٹیو عبداللہ عبداللہ نے بھی اقتصادی شعبے سمیت تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے مزید فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

Feb ۲۴, ۲۰۱۸ ۱۴:۴۰ Asia/Tehran
کمنٹس