Mar ۱۴, ۲۰۱۸ ۱۹:۰۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی شکست

ہندوستان میں لوک سبھا کی تین اہم نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں حکمراں بی جے پی کو بری طرح سے شکست ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے شہروں گورکھپور اور پھول پور میں لوک سبھا کی نشستوں کے لئے ہونے والے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کے امیدوار ہار گئے ہیں اور ان کے مقابلے میں سماج وادی پارٹی کے امیدواروں کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
یہ انتخابات اس لئے خاص اہمیت کے حامل تھے کہ گورکھپور ایسا شہر ہے جہاں سے ریاست اترپردیش کے موجودہ وزیراعلی یوگی ادتیہ ناتھ کئی بار کامیابی حاصل کر چکے تھے اور یوپی کی وزارت اعلی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انھیں اس نشست سے دستبردار ہونا پڑا تھا تاہم خیال کیا جا رہا تھا کہ اس شہر میں ان کی نشست پر بی جے پی کا ہی امیدوار کامیاب ہو گا مگر مقابلے میں سماج وادی پارٹی کے امیدواروں کو بی ایس پی کی حمایت حاصل تھی جس کی بنا پر ان کی فتح کی امید بھی کافی بڑھ گئی تھی۔
ادھر ریاست بہار میں ارریا نشست پر آر جے ڈی کے امیدوار نے کامیابی حاصل کر کے بی جے پی کو ایک اور جھٹکا دے دیا۔
لوک سبھا کی ان تینوں نشستوں پر بی جے پی کی شکست نے دو ہزار انیس کے پارلیمانی انتخابات کو حکمراں جماعت کے لئے ایک چیلنج میں تبدیل کر دیا ہے۔
ریاست بہار کی دو اسمبلی نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں بھی ایک پر بی جے پی کو شکست ہوئی ہے جبکہ ایک پر اس نے کامیابی حاصل کی ہے۔