Mar ۱۷, ۲۰۱۸ ۱۸:۳۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کانگریس پارٹی کی قومی کانفرنس

ہندوستان میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی کی دو روزہ قومی کانفرنس جاری ہے جس میں پارٹی کی سابق صدر سونیا گاندھی اور دیگر رہنماؤں نے بی جے پی حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کی۔

نئی دہلی میں کانگریس پارٹی کی دو روزہ قومی کانفرنس میں پورے ملک سے آئے ہوئے پارٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ ان کی جماعت ناانصافیوں کے مقابلے میں ڈٹی ہوئی ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جونعرہ دیا گیا تھاکہ نہ کھاؤں گا اور نہ کھانے دوں گا وہ محض ایک ڈرامہ تھا۔ سونیا گاندھی نے الزام لگایا کہ اقتدار میں آنے کے بعد بی جے پی اور مودی کی حکومت ملک کی سب سے پرانی پارٹی کانگریس کو تباہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے لیکن کانگریس پارٹی بقول ان کے بی جے پی حکومت کے آمرانہ طریقہ کار کے آگے نہیں جھکے گی۔

کانگریس کی قومی کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صدر راہل گاندھی نے بھی نریندرمودی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ عوام میں پھوٹ اور فرقوں کے درمیان اختلاف  پیدا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں نفرت اور ایک دوسرے سے ناراضگی کو ہوا دے جارہی ہے۔ راہل گاندھی کا کہنا تھا کہ صرف کانگریس ہی محبت کے ذریعے ملک کو آگے بڑھا سکتی ہے۔ اس درمیان کانگریس پارٹی نے ایک قرارداد میں نے کہا کہ وہ  ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔