Apr ۱۲, ۲۰۱۸ ۱۹:۱۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہڑتال اور پرتشدد مظاہرے

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں شہری ہلاکتوں کے خلاف ہڑتال اور مظاہرے آج بھی جاری رہے جبکہ حکام نے کئی علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا۔

مزاحمتی جماعتوں کے اتحاد جے آر ایل نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ تازہ شہری ہلاکتوں کے خلاف ہڑتال اور پرامن مظاہرے کریں جس کا وادی بھر میں اثر دیکھنے میں آیا۔

حکومت نے حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے وادی کے بیشتر علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا تھا جبکہ مزاحتمی جماعتوں کے رہنماؤں کو گرفتار یا ان کے گھروں میں نظر بند کر دیا گیا۔
ہمارے نمائندہ سری نگر کے مطابق مزاحمتی جماعتوں کے اتحاد کی اپیل پر وادی بھر میں دوکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے اور کئی علاقوں میں لوگوں نے کرفیو کے نفاذ کے باجود مظاہرے کئے۔

کولکام، شوپیا اور اننت ناگ کے مختلف علاقوں میں پرتشدد مظاہروں کے دوران ایک درجن سے زائد لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

مقامی حکومت نے شہری ہلاکتوں کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے تاہم مزاحمتی جماعتوں نے اسے وقت کا زیاں قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔