May ۲۲, ۲۰۱۸ ۱۸:۱۱ Asia/Tehran
  • تمل ناڈو کے ضلع توتی کورین میں پرتشدد مظاہرے، نو ہلاک چالیس زخمی

ہندوستان کی ریاست تمل ناڈو کے ضلع توتی کورین میں اسٹرلائٹ انڈسٹری کے خلاف پرتشدد مظاہرے میں نو افراد ہلاک اور چالیس سے زائد دیگر زخمی ہو گئے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق تمل ناڈو کے ضلع توتی کورین میں اسٹرلائٹ انڈسٹری کے خلاف پرتشدد مظاہرے کے دوران نو افراد ہلاک اور چالیس افراد زخمی ہو گئے جن میں متعدد صحافی اور کیمرہ مین بھی شامل ہیں-

اسٹرلائٹ فیکٹری سے ماحولیات کو پہنچنے والے نقصان کے خلاف لوگ گذشتہ ایک مہینے سے احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں- مظاہرین کا کہنا ہے کہ اس فیکٹری کی وجہ سے ماحولیات کو نقصان پہنچ رہا ہے-

گذشتہ ایک مہینے سے ویدانتا کی اسٹرلائٹ کاپر یونٹ کو بند کرنے کے مطالبے کو لے کر لوگ مظاہرے کر رہے تھے لیکن منگل کو کئے گئے مظاہرے میں تشدد پھوٹ پڑا-

پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری کی تنصیبات کی جانب بڑھنے والے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی گئی جس کے بعد مظاہرین نے پتھراؤ شروع کر دیا اور پولیس نے بھی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا اور ہوائی فائرنگ کی-

پولیس ذرائع کا کہنا کہ اسٹرلائٹ انڈسٹری یونٹ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے مدراس ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق علاقے میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی- زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے-