May ۲۳, ۲۰۱۸ ۱۷:۴۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی ریاست کرناٹک میں حلف برداری کی تقریب

ہندوستان میں جے ڈی ایس کے رہنما ایچ ڈی کمار سوامی ریاست کرناٹک کے وزیر اعلی اور کانگریس کے، کے جی پرمیشور نائـب وزیر اعلی بن گئے۔

رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی ریاست کرناٹک کے نئے وزیر اعلی کی حیثیت سے جے ڈی ایس کے رہنما ایچ ڈی کمار سوامی اور نائب وزیر اعلی کی حیثیت سے کانگریس کے، کے جی پرمیشور نے بدھ کے روز اپنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔
کرناٹک میں حکومت بنانے میں بی جے پی کے ناکام ہوجانے کے بعد کرناٹک کے گورنر وجو بھائی والا نے انھیں حلف دلوایا۔ حلف برادری کی تقریب میں ہندوستان کی حزب اختلاف کی مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی جن میں یو پی اے کی سربراہ سونیا گاندھی، کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی، ایس پی کے اکھلیش یادو، بی ایس پی کی مایا وتی، ٹی ایم سی کی ممتا بنرجی، این سی پی کے شرد پوار، ٹی ڈی پی کے چندربابو نائیڈو، عاپ کے کیجریوال، آر ایل ڈی کے اجیت سنگھ، سی پی آئی ایم کے سیتا رام یچوری اور آڑ جے ڈی کے تیجسوی یادو سمیت مختلف دیگر رہنما شامل ہیں۔
حلف برداری کی تقریب میں حزب اختلاف کی مختلف جماعتوں کی جانب سے اتنے وسیع پیمانے پر شرکت سے آئندہ لوک سبھا کے انتخابات میں ان جماعتوں کے اتحاد کے عزم کی نشاندہی ہوتی ہے جس سے ہندوستان کے آئندہ عام انتخابات میں بی جے پی کو بہت بڑے چیلنج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔