May ۲۶, ۲۰۱۸ ۰۹:۱۷ Asia/Tehran
  • کشمیر میں 4 مسلح افراد ہلاک

ہندوستان نے دعوی کیا ہے کہ کپواڑہ کے ٹنگڈار سیکٹرمیں دراندازی کی بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 4 مسلح افراد کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

ہندوستان کی فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں لکھا کہ اس ملک کے زیر انتظام کشمیر کے ٹنگڈار سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ ہفتہ کی علی الصبح دراندازی کی کوشش کرنے والے چار عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا اور آپریشن تا حال جاری ہے۔

دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا کا کہنا تھا کہ آخری اطلاعات ملنے تک علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹنگڈار سیکٹر میں ایل او سی کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے ہفتہ کی علی الصبح چند مسلح عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر سے سرحد کے اس پار داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے انھیں خودسپردگی اختیار کرنے کے لئے کہا تو انہوں نے خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں چار عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ۔

دوسری جانب کل ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ میں کم از کم 50 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ نوہٹہ علاقہ میں جامع مسجد کے پاس جمعہ کو نماز کے بعد یہ جھڑپ ہوئی ۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں دو جرنلسٹ اور پولیس کے سینئر اہلکار بھی شامل ہیں۔ افسروں کے مطابق زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔

ٹیگس