May ۲۸, ۲۰۱۸ ۰۹:۱۸ Asia/Tehran
  • کشمیر میں جھڑپ ایک شہری اور ایک فوجی ہلاک

وادی کشمیرمیں مرکزی حکومت کی طرف سے رمضان سیز فائز کے اعلان کے بعد مسلح تشدد میں کسی شہری اور فوجی کی ہلاکت کا پہلا واقعہ ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیرکے ضلع پلوامہ میں گذشتہ رات عسکریت پسندوں اور فوجی اہلکاروں کے مابین گولہ باری کا مختصر تبادلہ ہوا جس میں ایک شہری اور ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔

شہری کی ہلاکت کے پیش نظر ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو احتیاطی طور پر معطل کردیا گیا ہے اور جنوبی کشمیر میں احتجاجیوں کی جانب سے ریل پٹریوں اور سگنل سسٹم کو پہنچائے گئے نقصان کی وجہ سے وادی کشمیر میں گرمائی دارالحکومت سری نگر سے جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات آج پیر کو مسلسل چوتھے دن بھی معطل ہیں۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے گذشتہ رات پلوامہ کے کاکہ پورہ میں واقع فوج کی 50 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کے کیمپ پر حملہ کیا اورکیمپ کو نشانہ بناکر گرینیڈ پھینکا اور اندھا دھند فائرنگ کی فوجیوں نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک شہری اور ایک فوجی اہلکارہلاک ہوئے ۔

واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے 16 مئی کو کشمیر میں ماہ رمضان کے دوران سیکورٹی فورسز کے آپریشنز کو معطل رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

ٹیگس