Jun ۱۱, ۲۰۱۸ ۰۸:۵۴ Asia/Tehran
  • پاکستانی صدراور ہندوستانی وزیراعظم کی ملاقات

چین میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پرپاکستان کے صدر ممنون حسین اور ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی کے مابین مختصر ملاقات ہوئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں جاری شنگھائی کانفرنس کے درمیان پاکستان کےصدر ممنون حسین نے ہندوستانی وزیراعظم  نریندرا مودی اور روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کی، یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر سائیڈ لائن پر ہوئی جہاں ان رہنماؤں نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور کچھ دیر گفتگو کی۔

روس کے صدر سے ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے تعلقات کو مضبوط بنانے پربھی اتفاق کیا۔

ملاقات میں دو طرفہ تجارت، توانائی، دفاع اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے فروغ  پر زور دیا۔

دوسری جانب شنگھائی تعاون تنظیم سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان اورافغانستان دوطرفہ بنیادوں پر جامع لائحہ عمل پر کام کر رہے ہیں، افغانستان میں امن ہماری مشترکہ خواہش اور افغانستان میں جنگ بندی ایک مثبت پیش رفت ہے، پاکستان امن و استحکام کیلیے ہمیشہ کی طرح تعاون جاری رکھے گا۔ پاکستان نے دہشت گردی کا سدباب کر کے قیمتی تجربات حاصل کیے ہیں۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان اور ہندوستان نے پہلی مرتبہ بطور رکن شرکت کی۔ دونوں ممالک کو اس تنظیم کی مستقل رکنیت گزشتہ برس ہی دی گئی تھی۔ اس سربراہی اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق بیس سے زائد دستاویزات پر دستخط ہوئے۔

 

ٹیگس