Jun ۱۸, ۲۰۱۸ ۱۵:۳۲ Asia/Tehran
  • دہلی کے وزیراعلی کا وزیراعظم مودی کو خط

دہلی کے وزیر اعلی نے آئی ایس افسران کی ہڑتال ختم کرانے کے لئے وزیر اعظم سے مدد کی درخواست کی ہے

ہندوستانی نیوز ایجنسی یو این آئی کے مطابق دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے انڈین ایڈ منسٹریٹوسروس (آئی اے ایس) حکام کی قومی دارالحکومت میں ہڑتال ختم کرانے کے لئے پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی۔مسٹر کجریوال نے ٹو ئٹ کیا’’میں معزز وزیر اعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اب آئی اے ایس افسران کو ہڑتال ختم کرنے کے لئے ’گرین سگنل‘ دیں‘‘۔مسٹر کجریوال کا یہ ٹویٹ آئی اے ایس افسران کو یہ یقین دہانی دیئے جانے کے بعد سامنے آیا ہے کہ وہ ان کی سیکورٹی کو یقینی بنائیں گے۔وزیر اعلی کیجریوال نے حکام سے بھی اپنا بائیکاٹ ختم کرنے کی درخواست کی ہے۔اس دوران آئی اے ایس افسران کی ہڑتال اور دیگر مسائل کو لے کر دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر میں مسٹر کجریوال، نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور وزیر گوپال رائے کے ساتھ غیر معینہ بھوک ہڑتال جاری رکھی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق وزیر صحت ستیندر جین بھی بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے لیکن ان کی صحت بگڑنے کی وجہ سے انہیں اتوار اور پیر کی درمیانی شب اسپتال میں داخل کرایا گیا۔آئی اے ایس افسران کی ہڑتال کے معاملہ پر جنتا دل (سیکولر)،تیلگو دیشم پارٹی، سماج وادی پارٹی، ترنمول کانگریس، جھارکھنڈ مکتی مورچہ، راشٹریہ جنتا دل اور دیگر سیاسی پارٹیوں نے عام آدمی پارٹی کےلئے اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے۔