Jun ۱۹, ۲۰۱۸ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  • کشمیر میں فائرنگ اور آپریشن 3 ہلاک

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں فائرنگ اور آپریشن سے 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع کولگام میں پیر کی شام فوج کی احتجاجی نوجوانوں پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا ۔

کولگام کے آکھرن نوپورہ میں نوجوانوں کے ایک گروپ نے فوج کی 9 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کی ایک گشتی پارٹی پر پتھراؤ کیا۔

فوجیوں نے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں دو نوجوان زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی موت واقع ہوگئی۔

دوسری جانب بانڈی پورہ کے جنگل میں آپریشن کے دسویں دن، سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں مزید 2 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔

9 جون سے جاری آپریشن میں پیر کی علی الصبح مزید 2  عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے ساتھ اب تک مارے جانے والے عسکریت پسندوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

اس آپریشن میں اب تک ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ 6 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بانڈی پورہ کے علاوہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد کے مختلف گاؤں میں سرچ آپریشن جاری ہے جہاں داخلی اور خارجی راستوں پر فوج تعینات ہے۔

ٹیگس