Jun ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۵:۳۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان:ریاست جموں کشمیر کی حکومت کا خاتمہ، مفتی نے استعفا پیش کر دیا

ہندوستان کے زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر کی ریاستی حکومت سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے الگ ہو جانے کے بعد پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط حکومت گر گئی ہے جبکہ وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے اپنا استعفا بھی ریاست کے گورنر کو سونپ دیا ہے-

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ ریاست جموں و کشمیر میں پی ڈی پی اور بی جے پی کی تین سال پرانی مخلوط حکومت آخر کار منگل کو اس وقت گر گئی جب حکومت میں شامل بھارتیہ جنتا پارٹی نے ریاستی حکومت سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا-

بی جے پی کے اس اعلان کے بعد وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے ریاست کے گورنر این این ووہرا سے مل کرانہیں اپنا استعفا سونپ دیا- جموں و کشمیر کی ستاسی سیٹوں والی ریاستی اسمبلی میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی پی ڈی پی کے پاس اٹھائیس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے پاس پچیس سیٹیں ہیں-

ریاستی حکومت کے ترجمان اور پی ڈی پی کے رہنما نعیم اختر نے محبوبہ مفتی کے استعفے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ نائب وزیر اعلی اور بی جے پی کے رہنما کویندر گپتا نے بھی اپنے اور اپنے ساتھی وزرا کے استعفے کی تصدیق کر دی ہے-

بی جے پی نے ریاستی حکومت سے الگ ہونے کے بعد ریاست میں صدر راج نافذ کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے-