Jul ۱۲, ۲۰۱۸ ۱۰:۴۶ Asia/Tehran
  • کشمیر میں حالات کشیدہ، ہلاکتوں پر احتجاج

کشمیر میں جہاں آپریشن جاری ہے وہیں اس آپریشن اور ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے کنڈی جنگلی علاقہ میں جاری آپریشن میں ایک عسکریت پسند کو ہلاک کرنے کا فورسز نے دعوی کیا ہے۔

آپریشن کے دوران بدھ کو عسکریت پسندوں کے حملے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دوسر ایک زخمی ہوگیا تھا۔ سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ فوج کی 47 راشٹریہ رائفلز (آر آر) نے 10 جولائی کو کپواڑہ کے کنڈی علاقہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے ایک بڑے جنگلی علاقے کو محاصرے میں لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کل ترہگام میں مظاہرین پر فورسز کی فائرنگ سے ایک 20 سالہ طالب علم جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔ ترہگام میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ قصبے میں پہنچ گئے ہیں۔ علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ بتائی جاتی ہے ۔

ٹیگس