Jul ۱۶, ۲۰۱۸ ۲۲:۰۱ Asia/Tehran
  • ایران ہندوستان سیاسی مذاکرات کا پندرھواں دور

ایران اور ہندوستان کے مابین منظم سیاسی مذاکرات کا پندرہواں دور پیر کو نئی دہلی میں ہوا جس میں دونوں ملکوں کے مختلف محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ایران کے نائب وزیرخارجہ سید عباس عراقچی اور ہندوستان کے سیکریٹری خارجہ وجے گوکھلے نے اس اجلاس میں ایٹمی معاہدے سے متعلق تازہ ترین صورتحال اور ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے کے بعد تہران اور نئی دہلی کے تعاون کو جاری رکھنے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔
ایران اور ہندوستان کے عہدیداروں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور ان کی تقویت کے لئے نئے طریقے اور تدابیر اپنانے کو ضروری قراردیا۔
سید عباس عراقچی اور وجے گوکھلے نے ایٹمی معاہدے کو ایک بڑی سفارتی کامیابی اور عالمی معاہدہ قراردیا اور کہا کہ اس معاہدے پر سبھی فریقوں کی جانب سے عمل درآمد کیاجانا چاہئے۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور ہندوستان کے خارجہ سیکریٹری کی ملاقات میں سیاسی، سیکورٹی اور علاقائی مسائل خاص طور پر افغانستان کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 دونوں ملکوں کے عہدیداروں نے چابہار بندرگاہ کے توسیعی منصوبے میں باہمی تعاون کو تقویت دینے پر بھی بات چیت کی۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے دہلی میں اپنے قیام کے دوران ہندوستان کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ایم جے اکبر سے بھی ملاقات کی۔

ٹیگس