Jul ۲۴, ۲۰۱۸ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  • کشمیر میں جھڑپیں32 سے زائد افراد زخمی

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقوں کولگام اور شوپیان میں تشدد بھڑک اٹھا اور 32سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں 6کی آنکھوں میں پیلٹ لگے جنہیں سرینگر منتقل کردیا گیا۔

کولگام اور شوپیان میں ہلاکتوں پر احتجاج کیا گیا اورہڑتال کی گئی جبکہ ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے خدشات اور امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے ضلع میں مسلسل دوسرے روز بھی موبائیل انٹر نیٹ خد مات منقطع رہیں ۔

اتوار کو وانی محلہ کھڈونی میں جھڑپ کے دوران تین عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے بعد فورسز نے پیر کو اسی بستی سے بالکل ملحقہ لون محلہ میں کریک ڈاون کیا۔جس پر علاقے کے عوام نے زبردست احتجاج کیا اور سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے کئے اور فورسز پر پتھراؤ کیا۔فورسز نے مشتعل مظاہرین کو تتربتر کرنے کے لئے ٹیر گیس شیلنگ کی  اور پیلٹ کا استعمال کیا،جس کے نتیجے میں32سے زائد افراد  زخمی ہوئے جن میں 6کی آنکھوں میں پیلٹ لگے جنہیں سرینگر منتقل کردیا گیا۔

ادھر 3عسکریت پسندوں کی یاد میں پیر کے روز کولگام ضلع کے بیشتر علاقوں میں تعزیتی ہڑتال رہی ۔ ہڑتال کے دوران دکانیں اور دیگر کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہا ہڑتال کے باعث کسی بھی گڑھ بڑھ کو روکنے کیلئے اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔

ٹیگس