Aug ۱۰, ۲۰۱۸ ۲۲:۰۰ Asia/Tehran
  •  ہندوستان میں سونیا گاندھی کی قیادت میں حزب اختلاف کا مظاہرہ

ہندوستان میں رافیل معاملے میں حزب اختلاف نے کانگرس رہنما سونیا گاندھی کی قیادت میں زبردست مظاہرہ کیا ہے۔

نئی دہلی سے ہندوستانی خبررساں ایجنسی یواین آئی کےمطابق متحدہ ترقی پسند اتحاد کی سربراہ اور کانگرس پارلیمانی پارٹی کی لیڈرسونیا گاندھی کی قیادت میں اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈر نے رافیل طیارہ سودے کی جانچ کے مطالبے کے حق میں جمعہ کے روز پارلیمنٹ کے احاطہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

اس رپورٹ کے مطابق پارلیمینٹ کی کارروائی شروع ہونے سے قبل محترمہ گاندھی کی قیادت میں کانگریس کے سینیئر لیڈر اے کے انٹونی، راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈرغلام نبی آزاد اور لوک سبھا میں پارٹی کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے سمیت کئی سینیئر لیڈران پارلیمینٹ کے احاطہ میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے اکٹھے ہوئے اور رافیل سودے کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی سے جانچ کروانے کے مطالبے کے حق میں احتجاج کیا۔

اسی کے ساتھ جمعےکو پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں بھی کانگر س پارٹی کے اراکین نے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے رافیل سودےکی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ یواین آئی کے مطابق کانگرس اراکین کے ہنگامے کے باعث چیئرمین کو راجیہ سبھا کی کارروائی تقریبا پانچ منٹ کے لئے ملتوی کرنی پڑی۔