Aug ۱۳, ۲۰۱۸ ۰۸:۳۴ Asia/Tehran
  • ہندوستانی وزیراعظم کی عمران خان سے توقعات

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ امید ہے کہ عمران خان خطے کو دہشت گردی سے محفوظ بنانے کے لیے کام کریں گے۔

ہندوستانی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں ہندوستان کے وزیراعظم نریندرا مودی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی نئی حکومت خطے کو دہشت گردی سے پاک، محفوظ، مستحکم اور خوشحال بنانے کے لیے کام کرے گی۔

ہندوستان کے وزیراعظم کا  کہنا تھا کہ خطے میں قیام امن اور استحکام کے لیے پڑوسی ممالک کے ساتھ  خوشگوار تعلقات استوار کرنا بی جے پی کی ترجیحی پالیسی ہے جس پر ہم اپنی حکومت کے پہلے روز سے ہی عمل پیرا ہیں۔

ہندوستان میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں بے گناہ افراد کی ہلاکتوں پر نریندرمودی کا کہنا تھا کہ یہ نہایت افسوسناک امر ہے جس کی سخت الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔ میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ مشتعل ہجوم کا کسی کو بھی قتل کردینا سنگین جرم ہے، اس کے سدباب کے لیے سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں قانون سازی کر رہے ہیں۔

آسام میں لاکھوں افراد کو شہریت سے محروم کردینے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خالص قانونی معاملے کو اپوزیشن جماعت منفی سیاست کی بھینٹ چڑھا رہی ہے۔

 

ٹیگس