Aug ۱۹, ۲۰۱۸ ۲۰:۰۲ Asia/Tehran
  • جنوبی ریاست کیرالا میں تباہ کن سیلاب، بڑے پیمانے پر تباہی

ہندوستان کی جنوبی ریاست کیرالا میں سیلاب اور شدید بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور اب تک مرنے والوں کی تعداد تین سو ساٹھ کے قریب ہوگئی ہے جبکہ تین لاکھ افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

ہندوستانی حکام اور میڈیا کا کہنا ہے کہ کیرالا میں پچھلے ایک صدی کا یہ سب سے تباہ کن سیلاب ہے جس میں لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں اور سیکڑوں ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں - سیلاب کے نتیجے میں بیس ہزار کروڑ سے زائد کی املاک تباہ ہوگئی ہیں - ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے کیرالا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا ہوائی معائنہ کیا ہے اور سیلاب زدہ علاقوں کی باز آبادکاری اور متاثرین کے لئے پانچ سو کروڑ کی امداد کا اعلان کیا ہے  - تاہم انہوں نے کیرالا کے تباہ کن سیلاب کو قومی آفت کا درجہ نہیں دیا جس پر اپوزیشن جماعتوں نے شدید تنقید کی ہے - کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے کیرالا میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریاست کے سیلاب کو فوری طور پر قومی آفت قراردیں - راہل گاندھی نے کہا کہ ہمارے کروڑوں لوگوں کی زندگی روزی روٹی اور مستقبل سب خطرے میں پڑگیا ہے -  کانگریس نے کیرالا میں سیلاب زدہ علاقوں کے لئے وزیراعظم کی امداد کو اونٹ کے منہ زیرہ قراردیا ہے - اس درمیان سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالنے کےلئے فوج پوری طرح سرگرم ہے اور امدادی کارروائیاں زور وشور کے ساتھ جاری ہیں۔