Sep ۲۰, ۲۰۱۸ ۰۹:۴۷ Asia/Tehran
  • محرم الحرام کے جلوس پر پابندی مداخلت فی الدین: سید علی گیلانی

پاکستان اور ہندوستان اور ان ممالک کے زیر انتظام کشمیر میں کل بروز جمعہ عاشورائے حسینی ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی حریت کانفرنس کے رہنما سید علی گیلانی نے سری نگر میں 8 ویں محرم الحرام کے ماتمی جلوس پر انتظامیہ کی طرف سے شدید پابندیاں عائد کرنے اور عزاداروں پر آنسو گیس کے بے دریغ شیل داغے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سری نگر میں نو پولیس تھانوں کے تحت علاقوں میں عام لوگوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کرنا صریحاً مداخلت فی الدین اور ظالمانہ وجابرانہ کارروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی پابندیوں کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں شرکاء کی طرف سے نکالے گئے جلوس عزا کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا بے تحاشا استعمال کرنا فسطائیت اور آمرانہ طرزِ عمل ہے جس کا کوئی اخلاقی جواز موجود نہیں ہے۔

حریت رہنما نے کہا کہ تحریک وحدت اسلامی کے چیرمین نثار حسین راتھر کی قیادت میں گورو بازار، شہید گنج سے ڈل گیٹ تک ماتمی جلوس نکالے جانے پر شرکائے جلوس پر پرتشدد کارروائیوں کے بعد مختلف پولیس تھانوں بشمول شہید گنج، مائسمہ، کوٹھی باغ، رام منشی باغ وغیرہ میں بڑے پیمانے پرگرفتاری ایک شرانگیز کارروائی ہے جوانتظامیہ کی طرف سے مذہبی تقریبات کے حوالے سے مسلمانوں کے ساتھ سنگین زیادتیاں کرنے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ کل سری نگر میں 8 ویں محرم الحرام کا تاریخی ماتمی جلوس شہید گنج اور بتہ مالو سے پابندیوں اور بندشوں کے باوجود نکالا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں حسینی عزاداروں نے شرکت کی تاہم سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے اہلکاروں نے انہیں منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان اور ان ممالک کے زیر انتظام کشمیر میں کل بروز جمعہ عاشورائے حسینی ہے۔

ٹیگس