Oct ۰۳, ۲۰۱۸ ۱۷:۰۵ Asia/Tehran
  • دنیا کو گاندھی کی عدم تشدد جیسے افکار کی ضرورت

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دنیا میں بڑھتی ہوئی نفرت اور دہشت گردی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو مہاتما گاندھی کی عدم تشدد کی پالیسی اور سوچ کو اپنانےکی ضرورت ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے منگل کی رات تہران میں مہاتما گاندھی کی ایک سو پچاسویں سالگرہ کی مناسبت سے کتاب کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ہر طرف انارکی پھیلی ہوئی ہے اور بے گناہ افراد قتل کئے جا رہے ہیں ایسے میں ایک صدی قبل مہاتما گاندھی نے اپنے ملک کی آزادی کیلئے تشدد سے اجتناب کرتے ہوئے پر امن طریقے سے آزادی کی تحریک شروع کی تھی۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ اخلاق، امن و صداقت اور تشدد سے اجتناب پر مبنی مہاتما گاندھی کے افکار آج کی دنیا کی انسانی برادری کے مسائل کے حل کے بہترین طریقے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ گاندھی کی ان ہی خصوصیات کی بنا پر انھیں عالمی سطح پر مقبولیت حاصل ہوئی۔

اس تقریب میں ایران میں ہندوستان کے سفیر سوربھ کمار نے کہا کہ مہاتما گاندھی امن و آشتی اور صلح و عدم تشدد کا نمونہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھینے کہا تھا کہ آزادی کی تحریک اور جدوجہد کاسبق حضرت امام حسین علیہ اسلام کے قیام عاشورہ سے سیکھا تھا۔