Oct ۰۴, ۲۰۱۸ ۱۶:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران سے تیل کی خریداری جاری رکھنے پر ہندوستان کی تاکید

ہندوستان کے ایک رکن پارلیمنٹ سشی تھرور نے ایران سے تیل کی خریداری کا سلسلہ جاری رکھے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

ہندوستان کی لوک سبھا میں کانگریس کے رکن سشی تھرور نے جمعرات کے روز تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے باوجود ہندوستان کی جانب سے ایران کے تیل کی خریداری کا سلسلہ جاری رکھے جانے کی ضرورت ہے اس لئے کہ ایران سے تیل خریدنا ہندوستان کے فائدے میں ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران سے ہندوستان کو کم قیمت میں تیل فراہم ہوتا ہے اور یہ ہندوستان کے قومی مفاد میں ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہندوستان کی حکومت کو امریکی دباؤ میں نہیں آنا چاہئے اس لئے کہ دوسری صورت میں اسے تیل کی زیادہ قیمت ادا کرنا ہو گی۔

توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ گذشتہ پانچ ماہ کے دوران ایران سے ہندوستان تیل کی درآمدات میں گذشتہ سال کے مقابلے میں تینتالیس فیصد اضافہ ہوا ہے اور دو ہزار اٹھارہ میں خام تیل کی درآمدات نو لاکھ ٹن سے بڑھکر ایک کروڑ تیس لاکھ ٹن پر جا پہنچی ہے۔