Oct ۰۸, ۲۰۱۸ ۱۰:۰۱ Asia/Tehran
  • کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر ہڑتال

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیرمیں 13برس بعد منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ آج سخت سیکورٹی میں منعقد ہورہا ہے۔

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیرمیں آج میونسپل اور پنچایت انتخابات ہو رہے ہیں، اس موقع پر وادی میں حریت کانفرنس کی کال پر مکمل بائیکاٹ اور ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کے موقع پر مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی طرف سے دی گئی ہڑتال کی کال کے پیش نظر جہاں وادی میں شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات پیر کو معطل رکھی گئیں وہیں تمام کارورباری اور تجارتی مراکز اور دکانیں بند ہیں اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی،میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے میونسپل اور پنچایتی انتخابات کے آغاز پر8 اکتوبر2018ء کو پورے جموں وکشمیر میں مکمل احتجاجی ہڑتال کی اپیل کرتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابات کے دنوں یعنی10 اکتوبر13 اکتوبر اور16 اکتوبر2018 ء کو جن جن علاقوں میں میونسپل انتخابات ہو رہے ہیں، اُن علاقوں میں احتجاجی ہڑتال کریں اور انتخابات سے عملاً لا تعلقی کا اظہار کریں۔

ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ الیکشن عمل کو پرامن اور خوشگوار ماحول میں منعقد کرانے کے حوالے سے شہر سمیت دیگر اضلاع میں جگہ جگہ ناکے قائم کئے گئے ہیں جہاں گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی کا سلسلہ تیز کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو بھی معقول سیکورٹی فراہم کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ انتخابات کے موقع پر حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق سمیت دیگر رہنماؤں کو گھروں میں نظربند اور گرفتار کیا گیا ہے۔

 

ٹیگس