Oct ۰۸, ۲۰۱۸ ۲۰:۰۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں رافیل سودے کو لے کر بحران

ہندوستان اور فرانس کے درمیان ہونے والے رافیل طیارے سودے کے سلسلے میں سپریم کورٹ میں ایک اور پٹیشن دائر کی گئی ہے جس پر دس اکتوبر کو سماعت ہو گی۔

ہندوستان کی سپریم کورٹ نے وکیل ونیت ڈھانڈا کی اس عرضی پر بدھ کو سماعت کے لیے حامی بھر لی ہے ،جس میں معاہدے کی تفصیلی معلومات سیل بند لفافے میں عدالت کو سونپنے کی مرکزی حکومت کو ہدایت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

درخواست گزار نے متحدہ ترقی پسند اتحاد اور قومی جمہوری اتحاد کی حکومتوں کے دوران طیارے کی قیمتوں کا تقابلی تجزیہ بھی سونپنے کا مطالبہ کیا ہے۔

چیف جسٹس رنجن گوگوئی، جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس کے ایم جوزف کی بنچ نے مسٹر ڈھانڈا کی عرضی سماعت کے لئے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ دس اکتوبر کو رافیل سودے سے ہی متعلق ایک دیگر درخواست کے ساتھ سماعت کرے گی۔

قابل ذکر ہے کہ وکیل منوہر لال شرما نے بھی پہلے سے ہی ایک عرضی دائر کر کے رافیل سودے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ مسٹر ڈھانڈا کی عرضی میں رافیل طیارے کی تقابلی قیمت اور دونوں ممالک کے درمیان ہوئے معاہدے کی تفصیلات سیل بند لفافے میں عدالت کو سونپے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔