Oct ۱۰, ۲۰۱۸ ۱۸:۵۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں ٹرین کا حادثہ، متعدد افراد ہلاک و زخمی

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے شہر رائے بریلی کے ہرچند پور ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آنے والے ٹرین کے ایک حادثے میں کئی افراد ہلاک و زخمی ہو گئے۔

ہندوستن کے شہر رائے بریلی کے قریب فرّکا ایکسپریس ٹرین، بدھ کی صبح اس وقت حادثے کا شار ہو گئی جب انجن سمیت اس کے نو ڈبے پٹری سے اتر گئے۔

رپورٹ کے مطابق اس حادثے میں کم از کم سات افراد ہلاک اور تیس کے قریب دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ ٹرین مالدا ٹاؤن سے نئی دہلی جا رہی تھی۔ ٹرین کا یہ حادثہ شہر رائے بریلی کے قریب ہرچند پور ریلوے اسٹیشن سے پچاس میٹر کی دوری پر پیش آیا۔

زخمیوں کو ہرچندپور کے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا جہاں نو زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ حادثے کی تحقیقات کے لئے ایک ٹیم موقع پر بھیج دی گئی ہے جو اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ ٹرین کا یہ حادثہ کسی دہشت گردانہ کارروائی کے نتیجے میں تو پیش نہیں آیا۔

حکام کی جانب سے مرنے والوں کے لئے پانچ پانچ لاکھ اور زخمیوں کے لئے پچاس پچاس ہزار روپے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔