Oct ۱۲, ۲۰۱۸ ۰۹:۰۱ Asia/Tehran
  • کشمیر میں عام ہڑتال معمولات زندگی متاثر

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں علی گڑھ مسلم یونیوسٹی کے ریسرچ اسکالر سے عسکریت پسند بننے والے منان بشیر وانی کی ہلاکت کے خلاف آج وادی میں عام کی جا رہی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی طرف سے دی گئی ہڑتال کی کال کے پیش نظر وادی میں جہاں تمام کاروباری اور تجارتی مراکز اور اسی طرح تعلیمی ادارے بند ہیں وہیں ریل خدمات بھی معطل ہیں۔

محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ یہ خدمات سیکورٹی وجوہات کی بناء پر ایک دن کے لئے معطل رکھی گئی ہیں۔ یہ وادی میں گزشتہ پانچ دنوں کے دوران تیسرا موقع ہے جب ریل خدمات کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر معطل کیا گیا۔

اس سے قبل 8 اور 10 اکتوبر کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے کی پولنگ کے موقع پر ریل خدمات کو معطل رکھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ کل شاٹھ گنڈ بالا، ماور ہندوارہ میں فورسز کیساتھ جھڑپ میں حزب المجاہدین کے اسکالر کمانڈر منان وانی اپنے ساتھی سمیت جاں بحق ہوا۔ اس دوران جائے جھڑپ پر مظاہرین اور فورسز میں شدید تصادم آرائی کے دوران قریب ایک درجن افراد زخمی ہوئے، جن میں 8افراد کو گولیاں اور پیلٹ لگے۔

منان وانی کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی کپوارہ ،ہندوارہ اور لنگیٹ میں ہڑتال اور ٹریفک بند رہنے کے دوران درجنوں مقامات پر پتھراو کے واقعات رونما ہوئے اور انتظامیہ نے شمالی اور جنوبی کشمیر میں انٹر نیٹ سروس بند کرنے کے علاوہ کالج اور دیگر تعلیمی ادارے بند کردیئے۔

ٹیگس